اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ کےجسٹس اعجاز الاحسن نے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر عدالت عظمی کے عملے کو ماسک پہننے سمیت دیگر (حفاظتی اقدامات) ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ، منگل کو یہاں جسٹس اعجاز الاحسن نے سپریم کورٹ عمارت کے اندر اور باہر مخلتف جگہوں کا دورہ کیا اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا، اس دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے سپریم کورٹ کے داخلی دروازے پر موجود ڈیوٹی اہلکار کو اپنا ٹمپریچر چیک کرایا ، جبکہ معزز جج نے ٹمپریچر چیک کرنے والے آلہ کیساتھ خود رجسٹرار سپریم کورٹ کا درجہ حرارت چیک کیا،اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے سپریم کورٹ کے عملے کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔