ملتان(آئی این پی، جنگ نیوز) پنجاب سے ن لیگی ممبر صوبائی اسمبلی اظہر چانڈیہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات معمہ بن گئی .
مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن)کے ایم پی اے اظہرعباس چانڈیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حالیہ دنوں میں وزیراعلی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ، ان کا جینا مرنا مسلم لیگ ن کیساتھ ہے اور وہ پارٹی کے فیصلے تسلیم کریں گے۔
میڈیا کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ایم پی اے اظہرعباس چانڈیہ نے حالیہ دنوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے کسی بھی قسم کی ملاقات کی تردید کی
انہوں نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں ن لیگ کے ساتھ ہوں، میرا مرنا جینا ن لیگ کے ساتھ ہے اور قائد نوازشریف کے نظریے کی تائید کرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعلی سے ذاتی تعلق پرملاقاتیں کی تھیں جب مناسب نہیں لگا تو وزیر اعلی پنجاب سے ملاقاتیں بند کر دیں،ہنجراں خاندان اور اویس لغاری سے وزیر اعلی سے ملاقات پر معذرت کی تھی،حالیہ دنوں میں وزیراعلی پنجاب سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا ٹیم کی جانب سے جاری خبر میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ن لیگی ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ کی ملاقات ہوئی ہے۔
سردار اظہر چانڈیہ نے ملاقات کے حوالے سے خبر کی اپنے ویڈیو بیان میں تردید کر دی، ن لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ انکی وزیراعلی پنجاب سے گزشتہ روز کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔