• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں مزید تیزی، ڈاکٹرز سمیت 14 جاں بحق، پارلیمانی سرگرمیاں معطل

کراچی، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلا ئو میں تیزی آگئی ہے، ملک میں مسلسل دوسرے روز ایک ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 2؍ ڈاکٹروں سمیت 14؍ مریض جاں بحق جبکہ 1167 افراد کورونا کا شکار ہوگئے۔ گزشتہ 24گھنٹے میں 430مریض صحت یاب بھی ہوئے جسکے بعد ملک میں فعال مریضوں کی تعداد13965 ہوگئی۔کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے باعت قومی اسمبلی کی تمام سرگرمیاں معطل ہوگئیں ،کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے دفاتر کو تین دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ سندھ میں کورونا سے مزید 6مریض انتقال کر گئےجبکہ، 521 ؍نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 302 ؍ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این سی اوسی کے مطابق ملک میں اب تک 336260افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 315446 صحت یاب ہوچکے جبکہ جاں بحق افرادکی تعداد 6849ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے ملک بھر میں 13 ہزار 965 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 728 کی حالت تشویشناک ہے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا کے 521نئے کیسز سامنے آئے ہیں جوکہ تشخیص کی 6.6 فیصد کی شرح بنتی ہے۔ آج کورونا سے مزید 6مریض انتقال کرگئے جس سے صوبہ میں انتقال کرنے والوں مجموعی تعداد 2639 ہوگئی ہے جوکہ 1.8 فیصد شرح اموات کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 5380 مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں سے 191 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 27 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے 521کورونا کیسز میں379نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 143 ،ضلع جنوبی118،ضلع وسطی 70 ،ضلع کورنگی 23 ،ضلع ملیر 19 اور ضلع غربی میں سے6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 4 ہزار 894 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 372 ہو گئیں۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 46 ہزار 774 ہو چکی ہے، جبکہ اموات 2 ہزار 633 ہو گئیں۔خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد 39 ہزار 749 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 280 ہو گئیں۔ بلوچستان میں 15 ہزار 977 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 152 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔ اسلام آباد میں 20 ہزار 243 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 222 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تازہ ترین