ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ قائد اعظم ٹرافی کھیل رہی بلوچستان کی ٹیم کے اسکواڈ سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یاسر شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی میچز سے قبل آرام کرنا چاہتے ہیں۔
یاسر شاہ نے اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا اور چھٹی کی درخواست کی جو قبول کرلی گئی ہے۔
بلوچستان نے یاسر شاہ کی کپتانی میں قائداعظم ٹرافی 2020ء میں 2 میچز کھیلے ہیں، وہ ایک میں فتحیاب اور دوسرے شکست سے دوچار ہوئی۔
یاسر شاہ نے ان دونوں میچوں میں بالترتیب 8،8 وکٹیں لیں، جن میں ایک مرتبہ اننگز میں 5 وکٹ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یاسر شاہ کی عدم موجودگی اور بسم اللّٰہ خان کی صحت کے سبب عمران فرحت کو بلوچستان کی قیادت دیے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں بلوچستان کی ٹیم کو 4 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے خلاف بلوچستان نے 186 رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔