• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی جماعتوں کو 95 نوٹسز جاری کیے گئے، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان


چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی اصولوں کی خلاف وروزی کی، واویلا مچایا جارہا ہے تو بتایا جائے دھاندلی کہاں ہوئی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پیپلزپارٹی کو 35، تحریک انصاف کو 23 اور مسلم لیگ ن کو 12 نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو 95 نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

راجہ شہباز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کا تیسرا الیکشن ہورہا ہے، جی بی الیکشن 2015 کے قوانین کے مطابق ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو ووٹرز کی سہولت کے لئے آن لائن سروس دی، دس ضلعوں میں 24 حلقوں میں آر اوز کو رکھا گیا ہے، ایس او پیز کو دیکھ کر ضابطہ اخلاق بنایا گیا۔

راجہ شہباز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں امیدوار کام کر رہے ہیں، پاکستانی جماعتوں سے اپیل کی تھی گلگت بلتستان میں لوکل انتخابات ہوں گے۔


چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء اور سینیٹر گلگت پہنچ کر الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ دھاندلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، 24 حلقوں میں آر اوز بیٹھے ہیں، انہیں دھاندلی نظر نہیں آتی، انہیں 600 کلو میٹر دور بیٹھ کر دھاندلی نظر آجاتی ہے، میرا دفتر ہر وقت کھلا ہے آکر شکایات درج کروا کر جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ 2020 میں ووٹرز کی تعداد میں ایک لاکھ سے زائد کا فرق آیا ہے، اس دفعہ کے الیکشن مین فوج کا کوئی عمل، دخل نہیں ہوگا، پولیس رینجرز ایف سی کے اہلکار الیکشن سیکیورٹی دیں گے۔

تازہ ترین