لاہور (نمائندہ جنگ، اے پی پی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی ضلعی ماتحت عدلیہ میں گزشتہ ماہ کے دوران ریکارڈ ایک لاکھ98 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے تمام اضلاع کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائلین کو عدالتوں میں ہر ممکن سہولیات سمیت جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے12 اکتوبر کو پنجاب بھر کی عدالتوں کو ہدایت نامہ میں 31 اکتوبر تک زیر التوا مقدمات نمٹانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کی روشنی میں صوبہ بھر کی سول عدالتوں میں ایک لاکھ 47 ہزار595 جبکہ سیشن عدالتوں میں 50 ہزار 418 مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔