پشاور(نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا حکومت نے ہیلتھ کیئرکمیشن خیبرپختونخوا کا بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیاجبکہ جسٹس قیصر رشید نے کہا ہے کہ ایک سال میں صرف بی اوجی بنایاگیاہے ، صوبائی حکومت کیجانب سے انتہائی سنجیدہ معاملے میں غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیاجارہاہے،ادویات کی قیمتوں میں 300سے 400فیصد اضافہ ہوا ہے،عوام کیلئے اینٹی بائیوٹک خریدنا مشکل ہوچکا ہے تشخیصی ٹیسٹوں کی قیمتوں سے متعلق میڈیا سے پتہ چلتا ہے، میڈیاوالے بہادر لوگ ہیں جو نوٹس میں لارہے ہیں،عدالت نے چیئرمین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کوبھی اگلی سماعت پر طلب کرلیا۔جسٹس قیصررشید اورجسٹس لعل جان خٹک پرمشتمل دورکنی بنچ نے ملک محمد اجمل خان اور سیف اللہ محب کاکاخیل ایڈوکیٹس کیجانب سے دائررٹ درخواستو ں پر سماعت کی اس موقع پرایچ سی سی کے ڈائریکٹر آپریشنز نے عدالت کو بتایا کہ لیبارٹریز میں ٹیسٹوں کی قیمتوں کے تعین کیلئے بی او جی بنا دیا گیا ہے۔