• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم خود کسی کی نوکری کر رہے ہیں: مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ وزیرِ اعظم خود کسی کی نوکری کر رہے ہیں۔

مریم نواز گلگت بلتستان پہنچ گئیں جہاں انہوں نے انتخابات میں نون لیگ کی انتخابی مہم کی باگ ڈور سنبھال لی، انہوں نے اسکردو کے علاقے گمبہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیلئے نواز شریف اور شہباز شریف کا سلام لے کر آئی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں اسکردو کے عوام کی توقعات کے مطابق آپ کی آواز بن کر دکھاؤں گی، پاکستان کی سیاست بدل گئی اور بدلنی چاہیئے، یہ ان کا حق ہے جو لوگ اپنی وفاداری کو نہیں بیچتے، نون لیگ کے انتخابی امیدواروں کو توڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں علم تھا کہ آپ مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں، آپ کے والہانہ جذبے کی دل سے قدر کرتی ہوں، میں آپ کی آواز بن کر دکھاؤں گی، پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے اور بدلنی چاہیئے، جو دباؤ برداشت نہیں کر سکے، وہ آپ کیلئے کھڑا نہیں ہو گا۔

نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ الیکشن سر پر ہے، وعدہ کریں لوٹوں کو ووٹ نہیں دیں گے، پارٹی چھوڑنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، جو پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے وہ ووٹ کا حق دار نہیں، دباؤ کا مقابلہ نہ کرنے والے، پارٹی کو پیٹھ دکھانے والے کا ساتھ نہ دیں۔

انہوں نے حکمرانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تم جعلی حکمران ہی سہی حکمران تو ہو، تم نے آٹا اور چینی کے پیسے اپنی جیبوں میں ڈال رکھے ہیں، کیا کسی ایک بھی شخص کو نوکری ملی یا گھر ملا؟ تمہارا ہر وعدہ جھوٹا ہے، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ جھوٹا ہے۔

نائب صدر نون لیگ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا گیا، یہاں کے عوام بتائیں اس سیاسی اعلان کا کیا مطلب ہے؟ گلگت بلتستان کے عوام صوبہ بنانے کے نعرے کو خوب جانتے ہیں، حکمرانوں کی پریشانی بلا وجہ نہیں، یہ ان شاء اللّٰہ جا رہے ہیں، یہ جھوٹا جانے والا ہے، جاتا نظر آ رہا ہے، ان کی گرتی دیوار کو آخری دھکا گلگت بلتستان کے عوام دیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس جھوٹے وعدے کرنے والے کو گھر پہنچا کر آنا ہے، منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکیاں دینے والا اب جانے والا ہے، جوانسان اپنی عزت کی پرواہ نہیں کرتا وہ آپ کی عزت کا کیا خیال کرے گا، یہ وزیرِ اعظم نوکری کر رہا ہے، اس کو اپنے حق کا بھی نہیں پتہ۔


انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آپ کو آپ کا حق دیا، عوام کے نمائندے مار کھاتے ہیں لیکن خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، اگر ووٹ چوری نہیں ہو گا تو فیصلہ نواز شریف کے حق میں آئے گا، گلگت بلتستان کے عوام بہادری اور عزم و ہمت کا نشان ہیں، الیکشن کے دن اپنے ووٹ کی حرمت کیلئے کھڑے ہونا ہے، جو پارٹی چھوڑ جائیں، انہیں ووٹ نہیں دینا، ان کا گھیراؤ کرنا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ آپ کی حکومت کس کے ووٹ سے آئے گی، یہ اختیار آپ کے ہاتھ میں ہے، اس اختیار کو جانے نہیں دینا، شیر پر ٹھپہ لگاؤ گے تو اپنی ترقی پر ٹھپہ لگاؤ گے، حکومت کون بنائے اس کا اختیارکسی ادارے یا شخص کو نہیں صرف آپ کو ہے، آپ کی حکومت آپ کی مرضی سے بننی چاہیئے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ظلم اور ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، گلگت بلتستان میں ووٹ چوری کی اجازت نہیں دیں گے، آپ نے پہرہ دینا ہے، ووٹ چوری کی اجازت نہیں دینا ہے، جو چوری ہونی تھی ہو گئی، اب ووٹ چوری کی اجازت نہیں دیں گے، عوام روٹی کے لیے ترس گئے، حکمرانوں کو احساس نہیں، عوام کے آٹے، چینی کا پیسہ اپنی جیبوں میں ڈالنے والوں کو ان کا احساس نہیں۔

تازہ ترین