• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزرو کیس، علی اظہر کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کا حکم

اسلام قبول کر کے پسند کی شادی کرنے والی تیرہ سالہ لڑکی آرزو راجا کے مبینہ شوہر  ملزم علی اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کردی گئی، ساتھ ہی اس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

آرزو کے اغواء سے متعلق والدین کی درخواست پر سماعت ہوئی، پولیس نے ملزم علی اظہر کو عدالت میں پیش کیا، تفتیشی افسر نے علی اظہر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، اُمید ہے میڈیکل بورڈ 9 نومبر کو رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کرے گا۔

تفتیشی افسرنے کہا کہ میڈیکل بورڈ آرزو کی عمر کا تعین کرے گاجبکہ رپورٹ آنے کے بعد آرزو کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔

علی اظہر کے وکیل نے کہا کہ آرزو نے گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوکر اپنا بیان دہرادیا، سندھ ہائی کورٹ نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا۔

دوسری جانب وکیل سرکار نے کہا کہ دیگر تفتیش باقی ہے، علی اظہر کا ریمانڈ دیا جائے، جس کے بعد عدالت نے علی اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔

اس کے علاوہ عدالت نے ملزم علی اظہر کا کورونا ٹیسٹ بھی کرانے کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے عدالت کا کہنا ہے کہ آزادانہ تحقیقات کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جارہی ہے۔

تفتیشی افسرنے موقف اختیار کیا کہ ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانا ہے اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔  

تازہ ترین