قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے روز بیٹ اور بال میں توازن دیکھنے کو ملا۔
نیشنل اسٹیڈیم، یو بی ایل گراؤنڈ اور این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے جارہے میچز میں آج نہ تو سنچری بنی اور نہ ہی کوئی بولر 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکا۔
سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، کپتان یاسر شاہ کی رخصت کے باعث بلوچستان کی قیادت کی ذمے داری عمران بٹ کے سپرد کی گئی، جنہوں نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
بلوچستان نے علی وقاص، عمران بٹ اور تیمور علی کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلے دن کے اختتام تک 6 وکٹ پر 239 رنز بنائے۔
تیمور علی 59 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری طرف ناردرن نے سندھ کے خلاف پہلے دن کے اختتام تک 9 وکٹ پر 319 رنز بنائے ہیں۔
تیز رنز بنانے کی وجہ سے ناردرن نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کے 3 بونس پوائنٹس یقینی بنالیے ہیں، دوسری طرف سندھ کو بھی پہلے دن 9 وکٹیں لینے پر 3 بولنگ پوائنٹس مل گئے ہیں۔
ناردرن کی طرف سے محمد نواز نے 73، حماد اعظم نے 64 اور عمر امین نے 62 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ سندھ کے سہیل خان اور تابش خان نے 3،3 اور فواد عالم نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
تیسرے میچ میں ایونٹ کی اب تک کی ناقابل شکست سدرن پنجاب ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو بیٹنگ کا موقع فراہم کیا ۔
کے پی نے دن کے اختتام پر عادل امین کے 90 اور کامران غلام کے64 رنز کی بدولت 6 وکٹ پر 261 رنز بنالیے ۔
سدرن پنجاب کے محمد عباس نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔