قائداعظم ٹرافی میں حسین طلعت کی ڈبل سنچری اور شان مسعود کی سنچری نے سدرن پنجاب کی کامیابی کے چراغ روشن کردیے ہیں۔
این بی پی کمپلیکس پر کھیلے جارہے میچ کے دوسرے دن نادرن کے پہلی اننگز کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے 9 وکٹ پر 507 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی۔
کپتان شان مسعود نے عمر صدیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، سدرن پنجاب کی پہلی وکٹ 85 کے اسکور پر گری، عمر صدیق 40 رنز بناکر نعمان علی کا شکار بن گئے۔
دوسری وکٹ پر شان مسعود نے طلعت حسین کے ساتھ مل کر 218 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں۔
303 کے اسکو ر پر شان مسعود 134رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ سلمان ارشاد کے حصے میں آئی۔
اس کے بعد ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور دوسرے اینڈ سے طلعت حسین نے اپنی بیٹنگ کے جوہر جاری رکھے۔
طلعت حسین نے 253 رنز کی اننگز کے دوران 6 بلند و بالا چھکے اور 33 چوکے لگائے، انہیں اطہر محمود نے پویلین کی راہ دکھائی، سدرن پنجاب کے بلاول بھٹی 31 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بیٹسمین تھے۔
نادرن کے نعمان علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ناردرن نے 342 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی ہے اور وہ 31 رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہوگئی ہے۔