قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 4 وکٹ سے ہرادیا جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔
دوسرے راؤنڈ کے میچ کے آخری روز سدرن پنجاب نے 154 رنز کا ہدف 6 وکٹ پر حاصل کیا۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز آغا سلمان کی 42 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز نے سدرن پنجاب کو بلوچستان کے خلاف فتح سے ہمکنار کرادیا۔
بلوچستان کے یاسر شاہ نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
سدرن پنجاب کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری فتح ہے، جس کے بعد وہ 50 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان کھیلا گیا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
اس سیزن میں یہ پہلا فرسٹ کلاس میچ تھا جس کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
میچ کے آخری روز سندھ نے کے پی کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دیا تھا۔
خیبرپختونخوا کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 7 وکٹ پر 96 رنز بناسکی، اسپنر عاشق علی نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اسپنر عاشق علی نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔