• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول نے کراچی واقعے کے بعد نواز شریف کی تائید کی تھی، محمد زبیر


پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں۔ بلاول بھٹو نے کراچی واقعہ کے بعد اس بات کی تائید کی تھی جو نواز شریف نے جلسے میں کہا تھا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ بلاول بھٹو کی عزت کرتے ہیں، وہ ہمارے پی ڈی ایم کے اتحادی ہیں۔ بلاول بھٹو کی اپنی زاتی رائے ہے، پیپلز پارٹی کی اپنی رائے ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ میاں نواز شریف ملک کے وزیر اعظم رہے، ان کے بعد بھی مسلم لیگ ن کی حکومت رہی، نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو تجربات ہمارے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے نہیں ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سویلین بالادستی کے لیے ضروری ہےکہ ہم ان تجربات کے بارے میں قوم کو بتائیں۔ چاہتے ہیں مستقبل میں وہ چیزیں نہ ہوں جو ماضی میں ہوئیں۔


محمد زبیر نے کہا کہ جو اظہار نواز شریف نے کیا تھا وہ کہانی کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ یہ حقائق تھے، میاں نواز شریف نے حقائق بیان کیے ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ کراچی میں کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے بعد بلاول نے معاملے کی تحقیقات کی اپیل آرمی چیف سے کی۔ بلاول بھٹو نے کراچی واقعہ کے بعد اس بات کی تائید کی تھی جو نواز شریف نے جلسے میں کہا۔

تازہ ترین