• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی 5 سالہ تجارتی پالیسی وزیراعظم عمران خان کو ارسال

وزارت تجارت نے نئی 5 سالہ تجارتی پالیسی وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی ہے۔

حکام وزارت تجارت کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نئی تجارتی پالیسی کی منظوری کے بعد اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پیش کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ای سی سی کے بعد نئی تجارتی پالیسی حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پالیسی کے تحت 2025 ء تک برآمدات کے 3 مختلف اہداف تجویز کیے گئے ہیں۔


حکام کے مطابق پالیسی مسودے میں برآمدات کا زیادہ سے زیادہ ہدف 37 ارب 36 کروڑ ڈالر تجویز کیا گیا ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق مسودے میں تجارتی پالیسی میں برآمدات کا کم سے کم ہدف 28 ارب 13 ڈالر تجویز کیا گیا ہے۔

مسودہ پالیسی میں برآمدات کے 18شعبوں کو ترجیحی، 7 روایتی، 11 ڈیولپمنٹ شعبوں کو فہرست میں شامل کیا گیا۔

تجارتی پالیسی میں برآمدات کو عالمی منڈیوں تک مقابلے کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

نئی تجارتی پالیسی میں کاروباری لاگت اور ٹیرف میں کمی، صنعتی پیدواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

نئی تجارتی پالیسی میں تجویز دی گئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی سرمایہ کاری بورڈ کا فریم ورک تشکیل دیا جائے اور ڈیوٹی ڈرا بیک طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے۔

مسودہ پالیسی کے مطابق برآمدی شعبے کے لیے توانائی کی علاقائی مسابقتی قیمتوں اور پالیسی پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ سسٹم بنانے کی تجاویز بھی دی گئیں۔

نئی تجارتی پالیسی کے مسودے میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ’نیشنل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ‘ اور پالیسی پر عمل درآمد کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے کی تجاویز بھی دی گئیں۔

تازہ ترین