• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر نے 4 ماہ میں 1 ہزار 337 ارب کا نیٹ ریونیو حاصل کیا، اعلامیہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں سال جولائی تا اکتوبر یعنی 4 ماہ میں 1 ہزار 337 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے۔

ایف بی آر نے پچھلے سال کے ان ہی 4 ماہ کے مقابلے میں 49 ارب روپے کا اضافی نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو گزشتہ برس 1 ہزار 288 ارب روپے تھا۔

ایف بی آر اعلامیے کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 470 ارب روپے حاصل کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو 643 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 81 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی سے 206 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا گیا۔


ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں گراس ریونیو 1 ہزار 400 ارب روپے اکٹھا کیا جو گزشتہ برس اسی دورانیے میں 1 ہزار 323 ارب روپے تھا۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر نے اکتوبر میں محاصل کی مد میں 333 ارب روپے حاصل کیے جو پچھلے سال اس دورانیے میں 325 ارب روپے تھے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں 128 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے ہیں، پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 52 ارب روپے کے تھے۔

اعلامیے کے مطابق ماہ اکتوبر میں 15 ارب کے ریفنڈز جاری ہوئے، جو پچھلے سال اکتوبر میں 4 اعشاریہ 5 ارب تھے۔

حکام کے مطابق ریفنڈز میں اضافے کے باوجود ایف بی آر نے اس سال اکتوبر میں پچھلے سال اکتوبر کے محاصل کے مقابلے میں زائد ریونیو حاصل کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مقامی وصولیوں میں 13 فیصد اضافہ حاصل ہوا، جو ٹیکس گزاروں کا حکومت کے ریونیو اقدامات پر اعتماد کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

تازہ ترین