• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی گلگت بلتستان میں کامیاب ہوگی، محسن باری

لندن (پ ر )پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری، جنرل سیکرٹری اظہر بڑالوی، نائب صدر ریاض کوہمروی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمر میمن، برطانیہ کے انسانی حقوق کے صدر خواجہ معین الدین سید، گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم، نائب صدر اسد نواز خان، انفارمیشن سیکرٹری فخر عمران، جنرل سیکرٹری راجا افتخار، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ندیم میوے والا، لیبر ونگ کے صدر حفیظ بلوچ، رابطہ سیکرٹری سرور رانجھا،وحید اقبال نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں انشاءاللہ شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ گلگت بلتستان کے لوگوں نے جس جوش وخروش اور جذبہ کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا اور اپنی محبت کا اظہار کیا اس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ آج بھی ملک کے کونے کونے میں بھٹو اور پیپلز پارٹی کے متوالے اور چاہنے والے موجود ہیں اور پیپلز پارٹی ہی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے، لوگوں کی پیپلز پارٹی سے دیوانگی اور وابستگی کو دیکھتے ہوئے حکومت حواس باختہ ہے اور اُسے اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے اور وہ اوچھے ہتکنڈوں پر اتر آئی ہے اور حکومتی وزرا بلا سوچے سمجھے انوکھے اور نرالے پیکیج کے بیانات داغ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی برطانیہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دورِ حکومت میں عوام سے جو بھی وعدے کئے اسے نہ صرف پورا کیا بلکہ انھیں قانونی تحفظ بھی فراہم کیا تاکہ ان کے بعد آنے والی حکومت میں ان کا تسلسل برقرار رہے، اس کی ایک مثال پاک، چائنہ کوریڈور منصوبہ ہے جسے صدر آصف علی زرداری نے اپنی حکومت میں سائن کیا اور جو آج بھی جاری ہے اور اس منصوبے کا دروازہ بھی گلگت بلتستان ہے جس کی وجہ سے نہ صرف گلگت کو بین الاقوامی اہمیت ملی بلکہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو روزگار کے کئی مواقع فراہم ہوئے اور چیئرمین بلاول بھٹو کے حالیہ دورہ گلگت کے دوران متعدد اہم اعلانات سے بھی یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ پیپلز پارٹی کا دل ہمیشہ کی طرح آج بھی گلگت کے لوگوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ آج بھی اس عزم کے ساتھ کھڑی ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے۔پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری سمعیہ علی، شمیم بھٹو، سنبلینہ حسن و دیگر خواتین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ نہ صرف انھوں نے گلگت بلتستان میں ویمن ونگ سے خصوصی طور پر خطاب کیا بلکہ تانگیر جیسے پسماندہ علاقے سے جہاں سے خواتین کا ووٹ دینے کا تصور ہی نہیں ہے وہاں سے سعدیہ دانش کو امیدوار نامزد کر کےنہ صرف خواتین کی حوصلہ افزائی کی بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ آج بھی وہ بی بی شہید کے فلسفے پر کاربند ہیں اور پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہی کہ پاکستان کی ترقی و کامیابی میں خواتین کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا مردوں کا اور پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کے حصول کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تازہ ترین