• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں تیزی، ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی، دفاتر میں نصف عملے کی اجازت، کراچی میں ماسک نہ پہننے پر 500 روپے جرمانہ ہوگا

کورونا میں تیزی، ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی


کراچی،اسلام آباد( اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں، جنگ نیوز)کورونامیں تیزی، ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ، پابندی 20نومبر سے 31جنوری 2021تک رہے گی،دفاتر میںنصف عملے کی اجازت،کراچی میں ماسک نہ پہننے پر 500 جرمانہ ہوگا، آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں ہزار سے زائد افراد کی شرکت ممنوع ہوگی، 24گھنٹوں کےدوران ملک میں کورونا کے ایک ہزار376نئے کیسز،مزید 30اموات، فعال کیسز 16ہزار سے متجاوز، 130مریض وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ 

تفصیلات کےمطابق ملک میں کوروناکے بڑھتے خطرات کے پیش نظر این سی او سی نے اہم فیصلے کیے ،این سی او سی کا کہنا ہے کہ آؤٹ ڈور شادی تقریبات میں ہزار سے زائد افراد کی شرکت ممنوع ہوگی جبکہ شادی کی تقریبات میں ضابطہ کار ( ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد بنانا لازمی ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی گئی ہے،کورونا کی روک تھام کے ادارے نے سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا اور باقی گھر سے کام کریں گے،اس کے علاوہ کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق حکمت عملی کے تحت گلگت بلتستان ماڈل کو اپناتے ہوئے ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 100 روپےجرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔این سی اوسی کے مطابق شادی کی تقریبات کے علاوہ تمام فیصلوں پر عملدرآمد 7نومبر سے شروع ہوگا اور 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جبکہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

این سی او سی سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1 ہزار 376 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 30 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے ، اب تک ملک بھر میں کوویڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 86 ہو چکی ہے، ملک بھر میں کوویڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 870 وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔19 کے 130 مریض ہیں،ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 16 ہزار 242 ہے۔ 

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 251 ہے،ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 923 ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 579 نئے کیسز سامنے آئے، انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ٹیسٹنگ کی گنجائش کو روزانہ 15000 تک بڑھا دے۔

تازہ ترین