کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف پی ڈی ایم کو ایک بند گلی کی طرف لے گئے ہیں، جس بس کے ڈرائیور نواز شریف ہیں اس بس کے مسافرآہستہ آہستہ اتر رہے ہیں،حکومت کا اپنے اتحادیوں سے بڑا اچھا تعلق ہے، ق لیگ کے وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کی علامتی اہمیت ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور بھی شریک تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں کوئی اختلاف نہیں ہے،بلاول بھٹو نے انٹرویو میں جو بات کہی اس میں اعتراض کی کوئی بات نہیں ہے، بلاول نے بنیادی طور پر وہی بات کی جو نواز شریف کہہ رہے ہیں صرف الفاظ مختلف ہیں، وزیراعظم اور حکومت سلیکٹ ہے تو پھر اس کا کوئی سلیکٹر بھی ہے اسے آپ خلائی مخلوق کہہ لیں یا محکمہ زراعت کہہ لیں۔چوہدری منظور نے کہا کہ نواز شریف کی طرح وزیراعظم عمران خان کو بھی فوج کے سربراہان کے نام نہیں لینے چاہئیں،اسٹیبلشمنٹ میں سول ملٹری بیوروکریسی، عدلیہ، الیکشن کمیشن آتے ہیں، نواز شریف اپنے تجربات بیان کررہے ہیں تو انہیں کیسے روکا جاسکتا ہے، فی الحال استعفے دینے نہیں حکومت کا استعفیٰ دینے جارہے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو استعفے دینے کا آپشن بھی کھلا ہوا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہم پوری صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، آج جو پیشرفت ہوئی اس بارے میں ہم پہلے بتاچکے تھے، نواز شریف کا بیانیہ خود کو اپنی فیملی کو بچانا ہے، پی ڈی ایم کے قیام کا ناٹک بھی اسی لئے رچایا گیا ہے، نواز شریف نے جو تقاریر کیں اسے ان کی اپنی پارٹی میں پسند نہیں کیا گیا، انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ن لیگ نے پٹیشنیں دائر کیوں نہیں کیں۔