• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء اللّٰہ زہری کا ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان



بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ثناء اللّٰہ زہری نے ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے نواز شریف سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں ہے، آج سے نواز شریف کی جس حد تک مخالفت ہوسکے گی کریں گے۔

نواب ثناء اللّٰہ زہری نے کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا اصل روپ گلی گلی گھر گھر دکھائیں گے، میری اپنی پارٹی تھی، میں اپنی پارٹی کا صدر تھا، میر حاصل خان مرحوم ہمارےساتھ تھے، بعد میں وہ نیشنل پارٹی میں چلےگئے۔

نواب ثناء اللّٰہ زہری نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ نے قومی سطح کی پارٹی میں جانے کی بات کی، اس وقت ن لیگ کو کوئی پوچھتا نہیں تھا، مگر نواز شریف کی بے وفائی کی وجہ سے سب اسے چھوڑ کر چلےگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف نے وعدہ خلافی کرکے ہمیں بلوچستان میں حکومت بنانے نہیں دی، میرے شہید بچوں کا رتبہ سیاست، مجھ سے اور نواز شریف سے بہت بڑا ہے، نواز شریف نے اپنے مفادات کے لئے ہمیں استعمال کیا، یہ بات میں نے عبدالقادر بلوچ سے کہی تھی۔


نواب ثناء اللّٰہ زہری نے کہا کہ بعد میں مجھےفون آیا جس میں کہا گیا کہ عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلی بنارہے ہیں، میں نے کہا کہ اس فیصلے کو بلوچستان والے نہیں مانیں گے۔

نواب ثناء اللّٰہ زہری نے کہا کہ جتنے آرمی چیف آئے سب کے ساتھ نواز شریف نے لڑائیاں کیں، یہ بلوچستان ہے، یہاں کے اپنے معروضی حالات ہیں، چیلنج کرتا ہوں ن لیگ کے ٹکٹ پر ایک سیٹ بھی جیت کر دکھادیں، پھر بات کریں گے۔

تازہ ترین