سابق ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور الہٰی نے کہا ہے کہ بیلجیئم اس وقت عالمی وباء کورونا وائرس کی شدید لپیٹ میں ہے، یہ وائرس ہر روز سیکڑوں افراد کی اموات کا سبب بنا ہوا ہے۔
جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جزوی لاک ڈاؤن کے باوجود عوام کا احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
ڈاکٹر منظور ظہور الہٰی نے کہا کہ ہمیں لاک ڈاؤن کی مکمل پابندی کا احترام کرتے ہوئے ایس او پیز کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
انھوں نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی عوام کے لیے قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرس پر قابو پانے کے لیے ہمیں چھوٹی چھوٹی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر منظور نے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں میں گرم پانی کو پینے کا معمول بنانے کی ضرورت ہے اور معمولی نزلہ زکام اور کھانسی کی صورت میں گھر پر ہی بھاپ کا اہتمام دو سے تین دفعہ کرنے سے وائرس کو کمزور بنایا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کھانے پینے کی چیزوں میں چکنائی والے کھانوں کو کم سے کم کھانے کی ہدایت کی اور تازہ سبزیوں کے استعمال کو صحتمند قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے مرنے والے پاکستانی افراد سے تعزیت کرتا ہوں اور اللّٰہ تعالی سے دعا ہے کہ رب العالمین مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔