• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منک کورونا خدشات: ڈنمارک سے تمام وزیٹرز کے برطانیہ آنے پر پابندی

لندن (پی اے) برطانیہ نے منک کورونا وائرس کے خدشات کی وجہ سے ڈنمارک سے تمام وزیٹرز پر ملک میں آمد پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی منک سے انسانوں میں پھیلنے والے ایک نئے کورونا وائرس سٹرین پر تشویش کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔ تاہم برطانوی نیشنل یا ریذیڈنٹس ڈنمارک سے برطانیہ واپس آسکیں گے لیکن برطانیہ واپس آنے کے بعد گھر پر تمام ہائوس ہولڈ ارکان سمیت 14 دن کیلئے آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔ ملک میں کورونا وائرس لاک ڈائون کی نئی اپ ڈیٹ ریگولیشنز ایک روز قبل ہی نافذ کی گئی ہیں۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے ان تبدیلیوں کا اعلان مقامی وقت 02:00 جی ایم ٹی کے کچھ دیر بعد کیا جو کہ دو گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے موثر ہوئی تھیں۔ ٹوئٹر پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نے لکھا کہ ڈنمارک کے ہیلتھ آفیشلز کی جانب سے منک فارمزمیں کورونا وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کی اطلاع دینے کے بعد ہم نے سرعت کے ساتھ فوری اقدام کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عوام کو محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام برطانیہ میں موجود ان افراد سے رابطے کریں گے جو 15 دن قبل ڈنمارک میں تھے تاکہ اس کو یقینی بنا جا سکے کہ وہ سیلف آئسولیشن اختیار کریں۔ ڈنمارک میں منک کورونا وائرس کا پہلی بار انکشاف ہونے کے بعد اسے یوکے کورونا وائرس ٹریول کوریڈور کی فہرست سے خارج کر دیا گیا۔ نئی پابندی کا مطلب یہ ہوگا کہ اگر کوئی مسافر ڈنمارک سے آیا ہے تو اسے اپنی آمد کے بعد لازمی سیلف آئسولیشن اختیار کرنا پڑے گی۔ یہ تازہ ترین رولز ان غیرملکی وزیٹرز پر لاگو ہوں گے جو ڈنمارک کے راستے سے آئے ہوں گے یا وہاں رہ چکے ہوں گے۔ رولز میں کہا گیا ہے کہ ڈنمارک سے برطانوی نیشنلز یا زیذیڈنٹس کو برطانیہ واپس آنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں وطن واپسی کے بعد ناصرف ان کو سیلف آئسولیشن اختیار کرنا ہوگی بلکہ بورے ہائوس ہولڈ ممبرز کو بھی آئسولیشن اختیار کرنا پڑے گی۔ اعلان کردہ نئےرولز کا اطلاق ہفتے کو 04:00 جی ایم ٹی سے شروع ہو گیا ہے۔ اسی وقت جرمنی یا سویڈن سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو بھی 14 روز کیلئے سیلف آئسولیشن اختیار کرنا پڑے گی کیونکہ ان کو بھی یوکے ٹریول کوریڈور لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ڈنمارک پر سفری پابندی اور نئی ضروریات کا ایک ہفتے بعد جائزہ لیا جائے گا۔ ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کی ترجمان نے بتایا کہ ڈنمارک میں رپورٹ کیے جانے والے وائرس میں ہونے والی نئی تبدیلیوں کو سمجھنے کیلئے حکومت بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے کام اور ہماری رسک ایسسمنٹ معلومات کیلئے مزید ریسرچ کا ایک پروگرام کنڈکٹ کر رہی ہے۔ ڈنمارک میں 200 افراد میں منک سے مسنلک کوویڈ کے میوٹیشنز کا انکشاف ہوا ہے۔ جن میں سے بیشتر کیسز ڈنمارک کے نارتھ جٹلینڈ ریجن میں منک فارمز سے ہیں۔ ڈینش حکام نے صورت حال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ملک میں موجود تمام منک تلف کرنے کا حکم دیا ہے- ڈنمارک میں منک کی تعداد تقریباً 17 ملین ہے۔ ڈینش حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میوٹیشنز کی وجہ سے کچھ ایریاز میں لاک ڈائون متعارف کروایا جائے گا۔ برطانیہ میں فی الحال ہالیڈے پر زیادہ تر لوگوں کے گھروں کو چھوڑنے پر پابندی عائد ہے۔ انگلینڈ میں جمعرات کو نیا نیشنل لاک ڈائون متعارف کروایا گیا ہے اور لوگوں کو صرف کام یا ایجوکیشن ٹرپس کیلئے بیرون ملک سفر کی اجازت ہے۔
تازہ ترین