• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی تعاون کے بغیر کورونا وبا سے نمٹنا مشکل ہے،کامران بنگش

پشاور(نیوزڈیسک)ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اپنے حلقہ نیابت پی کے 77 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے اور آئندہ کے لیے عوامی ضروریات کے مطابق نئے منصوبے شروع کرنے کی غرض سے عوام سے ملے۔ معاون خصوصی نے دکانداروں، ریڑھی بانوں، مزدوروں، نان بائیوں، ٹیکسی ڈرائیورز، نوجوانوں اور بزرگوں سے ملاقات کے دوران ریمارکس دیئے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہماری کوشش ہے کہ گلی گلی نگر نگر پی کے 77کے عوام سے ملوں یہاں پر تعلیم، نکاسی آب، مواصلات، سیکیورٹی، کھیل و تفریح کی سہولیات دینا ہماری ترجیح ہے۔کورونا وبا کے متعلق عوام سے اپیل کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے پوری دنیا کو اپنے لپیٹ میں لیا ہے اسی سلسلے میں صوبائی حکومت نے بھی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ امید ہے کہ عوام پہلے کی طرح اس بار بھی متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کورونا وبا سے نمٹنا مشکل ہے، بھیڑ والی جگہوں سے عوام دور رہیں جبکہ ماسک کا استعمال ضرور کریں۔مہنگائی کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی معیشت بہترین ٹریک پر لانے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں جن کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ پچھلے ادوار میں قرضے تو لیے گئے لیکن دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے ملکی معیشت و ترقی کے خلاف پراپیگنڈہ و سازش کی گئی لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اسے ناکام بنا دیا گیا۔ مختلف محاذوں پر مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، انشاء اللہ عوام کے تعاون سے ان تمام عناصر کو ناکام بنائیں گے۔پی کے 77 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے واضح کیا کہ اقربا پروری اور سفارش سے ہٹ کر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن ترقی سب کا حق ہے اور یہ حق ہم بلا امتیاز سب کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے لیے ہمارے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، چاہے کوئی دفتر آئے یا حلقہ میں ملے سب کو یکساں توجہ دی جائے گی۔
تازہ ترین