• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ٹوئٹر کی بائیو تبدیل کردی

امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی ہے۔

74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہونے والے 77 سالہ جوبائیڈن نے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرنے کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی ہے، جو بائیڈن نے اپنی نئی ٹوئٹر بائیو کچھ اس طرح لکھی:

امریکا کا نو منتخب صدر، ڈاکٹر بائیڈن کا شوہر، ایک قابل فخر والد اور دادا، تمام امریکیوں کے لیے بہترین ملک اور ماحول تعمیر کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب جو بائیڈن نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ امریکا میں مختلف نسلوں کے لوگ اکٹھے ہورہے ہیں۔

امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تمام امریکیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’امریکا، مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ نے مجھے اپنے عظیم ملک کی رہنمائی کے لیے منتخب کیا ہے۔‘

جو بائیڈن نے کہا کہ ’ہمارے سامنے کام سخت ہوگا لیکن میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں تمام امریکیوں کے لیے صدر بنوں گا، پھر چاہے آپ نے مجھے ووٹ دیا یا نہیں، میں ہمیشہ آپ کا مجھ پر اعتماد قائم رکھوں گا۔‘

واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں، ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی۔ جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔

تازہ ترین