ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے، ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی۔ جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کی کامیابی کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے، اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ہم سب جانتےہیں بائیڈن کیوں اتنی جلدی فتح کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن پنسلوانیا کے بیس الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد ان کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔
اپنی کامیابی کے بعد جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اس عظیم ملک کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آگے ہمیں مشکل چیلنجز درپیش ہیں۔
نئے منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ جنہوں نےمجھے ووٹ دیا یا نہیں دیا، میں سب کا صدر ہوں۔
جوبائیڈن کا کہنا ہےکہ میں امریکی عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔
پنسلوینیا، ایریزونا، جارجیا اور نیواڈا کی ریاستوں میں برتری حاصل کرنے کے بعد امریکی صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی جیت کے امکانات روشن ہوگئے تھے، جبکہ پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن برتری حاصل کرنے کے بعد امریکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔
اس سے پہلے جوبائیڈن کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی صدارتی امیدوار کو 74 ملین ووٹ ملے ہیں۔
امریکی ریاست ڈیلاویئر میں خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم امریکی صدارتی ریس جیت رہے ہیں۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ تمام ووٹوں کی گنتی ہونی چاہیے۔
جو بائیڈن نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وقت ہے کہ ہم مل کر بحیثیت قوم ایک ساتھ بحران سے نکلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 300 الیکٹورل ووٹ جیتنے کے قریب ہیں، مگر کام کرنے کیلئے صدارت ملنے کا انتظار نہیں کر رہے۔
واضح رہے کہ جوبائیڈن کی ممکنہ کامیابی کے پیشِ نظر امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن، ڈیلاویئر روانہ کردیئےتھے اور جو بائیڈن کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔
امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدر کے برابر کردی جاتی ہے، جس کے بعد امریکی سیکرٹ سروس کی جانب سے جوبائیڈن کی سیکورٹی سخت کردی گئی۔