پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جعلی حکومت کے دن گِنے جاچکے، گلگت بلتستان کے عوام الیکشن میں اسے دھکا دے کر گھر بھیجیں۔
چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شیر کھڑا ہوجائے تو گیدڑ سب دوڑ جائیں گے۔
نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ ایک وزیر نے ن لیگ کی حکومت میں فائدے اٹھائے اور اب دباؤ میں آکر لوٹا بن گیا، نئی روایت قائم کریں گے اور لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کو ووٹ دیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے دوران بہت سی آبادیاں متاثر ہوئی ہیں، اس کا معاوضہ آپ کا حق ہے، آپ کو ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان صوبہ بھی بنے گا، صوبے کو حقوق بھی ملیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ حکومت جارہی ہے، گلگت الیکشن میں آخری دھکا دے کر اسے گھر بھیجیں، جبکہ الیکشن سے پہلے گلگت بلتستان میں دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں۔