• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے تیسری جنگ عظیم چھڑنے کا خدشہ ہے، برطانوی ڈیفنس چیف

لندن (جنگ نیوز )برطانیہ کے ڈیفنس چیف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے تیسری جنگ عظیم کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا ہے کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کو تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور بین الاقوامی سطح پر جو اقدامات 20 ویں صدی کی جنگوں کا باعث بنے، ان کے بارے میں جاننا چاہیے۔

چیف آف ڈیفنس سٹاف سر نک کارٹر نے ایک ٹی وی پروگرام میں تبصرے کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں جاری علاقائی تنازعات سے ممکنہ جنگ چھڑنے کا خوف موجود ہے۔

20 ویں صدی میں ہونے والی جنگیں بھی مختلف ممالک کے اتحاد سے قائم ہونے والی سیاسی تنظیموں کا نتیجہ تھیں جن کا مقصد صرف اپنے مفادات کا دفاع تھا۔

سر نک کارٹر کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کے دوران دنیا بھر میں غیر یقینی اور پریشانی کی صورتحال میں کسی قسم کی جارحیت غلط اقدام کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم سے پہلے بھی ممالک نے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تھا جس کی بنیادہ پر غلط اندازے لگائے گئے جو آخر کار جنگ کا باعث بنے۔

انہوں نے ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ تاریخ دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی۔

سر نک کارٹر نے وضاحت کی کہ تیسری جنگ عظیم کا واضح خطرہ موجود نہیں تاہم اس کے خدشے کا ادراک ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاد دہانی ضروری ہے، تاکہ تاریخ کے تجربات کے تناظر میں علاقائی تنازعات سے نمٹا جائے۔

تازہ ترین