• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی امپائر احسن رضا نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں شدید زخمی ہونے والے امپائر احسن رضا 50 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے والے پہلے امپائر بن گئے ہیں۔

پاکستان کے امپائر احسن رضا نے اتوار کو پنڈی میں زمبابوے کے خلاف 50 ویں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں امپائرنگ کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ۔ یہ اعزاز پانے والے وہ دنیا کے پہلے امپائر ہیں۔

پاکستان بمقابلہ زمبابوے کے دوسری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ سے قبل امپائر احسن رضا کو پی سی بی کی جانب سے علیم ڈار نے یادگاری شیلڈ دی گئی۔


 یاد رہے کہ 3 مارچ 2009 کو سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے شدت پسند حملے میں زخمی ہونے والے احسن رضا کو علاج کے دوران دو درجن خون کی بوتلیں لگی تھیں اور جسم پر تقریباً 85 ٹانکے لگے تھے۔

کرکٹ ٹیم پر حملے کے 11 سال بعد احسن رضا کو رواں سال جولائی میں ایک بار پھر پیٹ کا آپریشن کروانا پڑا ، اس بار یہ زخم 40 ٹانکوں سے بھرے گئے اور کئی ہفتوں تک وہ آئی سی یو میں رہے۔

احسن رضا 2003 میں امپائرنگ کے بنیادی ٹیسٹ میں فیل ہوگئے لیکن سخت محنت کرکے انہوں نے امپائرنگ کا کورس پاس کیا۔

عالمی اعزاز یافتہ احسن رضا نے انگلینڈ سے بھی امپائرنگ کے دو لیول کیے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے امپائرنگ کے کورس بھی مکمل کیے، 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر احسن رضا بطور ریزرو امپائر پینل میں شامل تھے۔

انہوں نے بطور امپائر اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز فروری 2010 میں افغانستان اور کینیڈا کے درمیان شارجہ میں کھیلے گئے میچ سے کیا ۔

مئی 2015 میں احسن رضا نے پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز میں امپائرنگ کی۔

تازہ ترین