• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان مختار نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

گزشتہ دنوں عالمی وبا کی دوسری لہر کا شکار ہونے والے شوبز انڈسٹر ی کے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

اس حوالے سے عثمان مختار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’اللّہ تعالٰی کے فضل و کرم اور آپ کی نیک خواہشات سے میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے۔‘

عثمان مختار نے دُعاؤں کے لیے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں ہدایت کی کہ ’براہ کرم گھروں میں رہیں، سلامت اور صحتمند رہیں۔‘

اداکار کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم بلاضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں گے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں گے تو اس سے ناصرف ہمیں فائدہ ہوگا بلکہ ہم اپنے اردگرد موجود دوسرے لوگوں کو بھی اس وائرس سے محفوظ رکھ سکیں گے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عثمان مختار نے اپنی انسٹا اسٹور ی میں پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُنہوں نے کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

عثمان مختار کے بعد نوجوان اداکار امیر گیلانی اور اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں تھیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 189 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 968 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین