کراچی کے مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ انٹرڈویژنل سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کے ٹائٹل حاصل کرلئے۔ حیدرآباد کے ایم سی بی ہال میں کھیلی جانے والے خواتین اور مردوں کے مقابلوں کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے مردوں کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی نے سکھر کو 2-0 سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بینظیر آباد نےمیرپورخاص کو 2-1 سے شکست دیکر فائنل کیلئے جگہ بنائی۔ خواتین کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی نے بینظیرآباد کو 2-0 سیٹ سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں میرپورخاص نے حیدرآباد کو 2-0 سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
مردوں کے فائنل میں کراچی نے دلچسپ مقابلے کے بعد بینظیر آباد کو 2-0 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی جبکہ خواتین کے فائنل مقابلے میں کراچی نے میرپورخاص کو 2-0 سے شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ کراچی کے محمد فرحان کو چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی دین محمد کیریو(بابر کیریو) نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
انہوں نے حیدرآباد کو چیمپئن شپ کیلئے منتخب کئے جانے پر سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں چیمپئن شپ کا انعقاد کرکے یہاں کے کھلاڑیوں میں ایک نیا حوصلہ پیدا کیا ہے، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے کہا کہ سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی ممبر ہے اور سیپک ٹاکرا کے کھیل کو فروغ دینے میں بھرپور کام کررہی ہے ان لوگوں کی محنت کی وجہ سے ہی سندھ کے بہت سے کھلاڑی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لے سکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا تعاون اور رہنمائی آپ کے ساتھ ہے اور بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔ سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ نظم وضبط کا بھی پابند ہونا چاہئے۔ تقریب سے خرم رفیع صدر حیدرآباد اولمپک کمیٹی، سیکرٹری حیدرآباد اولمپک کمیٹی پرویز احمد شیخ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد مخدوم ارشاد، پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان، سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد، مریم کیریو، اختر علی ملک، محمد خالد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
آخر میں سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نےتمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور مہمانوں کا اورخاص طور پر سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کی فوکل پرسن مریم کیریو، محمد خالد آرگنائزنگ سیکرٹری، ٹیکنیکل آفیشلز عمرشاہین، شہروز علوی اور عبدالرحیم کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے تعاون سے ہی یہ ایونٹ کامیاب ہوا۔ چیمپئن شپ میں سندھ کے تمام 6 ڈویژنز کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں نے حصہ لیا جس کا افتتاح سائنو فرٹیلائزر کے سی ای او عاصم منور نے گیند کو کک لگاکر کیا۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد مخدوم ارشاد کا کہنا تھاکہ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن گذشتہ کئی سالوں سے سیپک ٹاکرا کے عہدیدار کھیل کے فروغ کیلئے بہت محنت سے کام کررہے ہیں اس بات کا ثبوت یہاں موجود بہت سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی موجودگی ہے جس کا سہرا نوشاد احمد اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ مہمان خصوصی عاصم منورنے کہا کہ ان کاادارہ ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کررہا ہے اور ہمارا آپ کے ساتھ ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔