• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن خرید و فروخت میں فراڈ کرنے والا جعلساز گرفتار


سوشل میڈیا کا استعمال بڑھا تو فراڈیے بھی سرگرم ہوگئے، گاڑیوں کی خرید و فروخت میں ملوث ایسے ہی ایک نیٹ ورک کے مرکزی ملزم کو ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کراچی سے گرفتارکیا ہے، جسے پانچ روز کے جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

گھر بیٹھے آن لائن شاپنگ نے عام صارفین کے علاوہ، فراڈ کے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے مجرمانہ نیٹ ورکس کو بھی متوجہ کرلیا، لوگوں کو مختلف اشیا پر غیر معمولی رعایت کی ترغیب دے کر لوٹنے لگے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کراچی کے علاقے صدر سے ایک ایسے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

تفتیشی حکام نے جیونیوز کو بتایا کہ ملزم اعظم بٹ گاڑیوں کی خرید و فروخت کا جھانسا دے کر فراڈ کررہا تھا، جبکہ وہ ماضی میں بھی جیل کی ہوا کھاچکا ہے اور آج کل جعلسازی کے ایک بڑے نیٹ ورک کے ساتھ وارداتیں کررہا تھا۔


ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ 6 سے 7 رکنی گروہ آئن لائن ویب سائٹ پر اشتہار لگاتا ہے اور کال موصول ہونے پر جعلی شو روم پر گاڑی بھی دکھائی جاتی ہے۔ پھر رقم منتقل ہوتے ہی غائب ہوجاتے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے ایک ہی شکار سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کا اعتراف کیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ ملزم نے جعلی اکاؤنٹ بھی بنا رکھے ہیں جبکہ گروہ میں ممکنہ طور پر خواتین بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین