کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت نے روش نہ بدلی تو اس کا فائدہ بھارت اٹھائے گا،ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور آئی جی کے معاملہ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کی ڈرافٹنگ کی جارہی ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کی طویل عرصے سے گرفتاری پر ملکی اور بین الاقوامی صحافی اور بعض سیاسی حلقے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں آئین کی بالادستی پر متفق ہے، کسی کو اس بات پر بھی اختلاف نہیں کہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں کام کرنا چاہئے، پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضروری ہے، پی ڈی ایم میں شامل مختلف سیاسی جماعتوں کا نظریہ اور رفتار مختلف ہوسکتی ہے لیکن منزل ایک ہی ہے،بنیادی جزیات پر ہم سب متفق ہیں ہر ایک کی تشریح مختلف ہوسکتی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھاکہ عبدالقادر بلوچ کا اعتراض تھا کہ ثناء اللہ زہری میرے قبیلے کے سردار ہیں انہیں اسٹیج پر کیوں نہیں بٹھایا گیا،ثناء اللہ زہری آخری وقت تک مریم نواز کی گاڑی چلاتے رہے، اگر انہیں بیانیہ سے سے اختلاف تھا تو مریم نواز کی گاڑی ڈرائیو نہیں کرنی چاہئے تھی، دونوں رہنما اگر ساتھ نہیں چل سکتے تھے تو وقار کے ساتھ راستہ علیحدہ کرسکتے تھے،ہماری جدوجہد کسی ایک شخص کی نشست سے بہت بڑی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اداروں کے سربراہان سے سوال پوچھنے کا مطلب ادار وں کیخلاف بات کرنا نہیں ہے، پاکستان میں کنونشن لیگ، ق لیگ بنائی گئیں کیا یہ ریلوے اور پی ڈبلیو ڈی نے بنائی تھیں، جنرل احتشام ضمیر مرحوم مرنے سے پہلے اعتراف کرگئے کہ انہوں نے 2002ء میں سیاسی انجینئرنگ کی اور انتخابات میں دھاندلی کروائی،وقت آگیا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ماضی کی غلطیوں کا ادراک کر کے ملک کو ٹھوس بنیاد دیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی مینڈیٹ چوری کرنے کی اسکیم بنارہی ہے،وزیراعظم نے گلگت بلتستان آکر اس قومی اتفاق رائے کو توڑا جس کے ضامن آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی تھی، قومی قیادت نے گلگت بلتستان سے متعلق فیصلہ الیکشن کے بعد قومی اتفاق رائے سے کرنے اتفاق کیا تھا، وزیراعظم نے قومی اتفاق رائے ختم کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا، وفاقی وزراء ووٹ کے لئے لوگوں کو رشوت کی آفر کررہے ہیں اور الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے، وزراء انتہائی گھٹیا اور لچر انداز میں گفتگو کررہے ہیں جس سے گلگت بلتستان کے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہزاروں کی تعداد میں پوسٹل بیلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں، ہم نے تمام ثبوت چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو پیش کردیئے ہیں،گلگت بلتستان میں حکومت نے روش نہ بدلی تو اس کا فائدہ بھارت اٹھائے گا، مریم نواز کے جلسوں کی حقیقت دیکھ لیں ہم گلگت بلتستان میں الیکشن جیت رہے ہیں،گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ترقی اور امن ن لیگ کے دور میں ہوئی۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور آئی جی کے معاملہ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کی ڈرافٹنگ کی جارہی ہے، 21نومبر کو ڈیڈ لائن پوری ہونے سے پہلے اپنی رپورٹ سندھ حکومت کو جمع کرادیں گے وہی اس کو جاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گی، اس معاملہ کی حساسیت کے پیش نظر رپورٹ مکمل ہونے سے پہلے تفصیلات شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کیخلاف مدعی وقاص خان کبھی پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوا، وقاص خان نے ایف آئی آر میں اپنا جو موبائل نمبر دیا اسے چیک کیا گیا تو پتا چلا کہ وقوعہ کے وقت وہ سپرہائی وے کے آس پاس تھے، مزار قائد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی کہیں وقاص احمد خان کی باتوں کی تصدیق نہیں ہوئی، پولیس مقدمہ کو جھوٹا قرار دیتی ہے تو عدالت مدعی کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کی ہدایت دے سکتی ہے۔ماہر امراض انفیکشن ڈاکٹر فہیم یونس نے کہا کہ فائزر کی کورونا ویکسین کا 90فیصد موثر ہونا امید سے زیادہ ہے۔