ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی صحت جان بوجھ کر عمران خان کے حکم پر خراب کی جارہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہباز شریف کو عمران خان نے خوفزدہ ہو کر گرفتار کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف کو گرفتار کرکے عوام کو آٹا اور روٹی نہیں ملتی، شہبازشریف کو بند کرکے آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت ٹھیک اورعوام کو روزگار نہیں ملا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف کو گرفتار کرکے گیس بجلی سستی نہیں ہوگئی، اُن کو بند کرکے ادویات سستی نہیں ہوئیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ عمران صاحب شہبازشریف کو گرفتار کرکے 23 فارن فنڈنگ اکاؤنٹس عوام نہیں بھولے، عوام آٹا چینی چورجہانگیر ترین اور علیمہ باجی کو دیا این آر او نہیں بھولے، عوام بی آر ٹی پشاور میٹرو کے 126 ارب کے کھڈے نہیں بھولیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام ہیلی کاپٹر، مالم جبا، بلین ٹری سونامی میں آپ کا ڈاکا نہیں بھولیں گے، عمران صاحب شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں قانون کے خلاف اذیت دے لیں، عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور چوری نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عمران صاحب احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جبکہ عوام سب جانتے ہیں۔