• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کی ترجمانوں کو ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی ہدایت


وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کریں، حکومتی ترجمان قومی بیانیہ فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، ترجمانوں کے اجلاس میں کئی وفاقی وزراء، مشیران، معاونین شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترجمانوں کے اجلاس میں قومی امور پرمشاورت کی گئی، اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیہ، ملکی معیشت اور  مہنگائی پر بھی غور کیا گیا۔


عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن ملک دشمنی پر اتر آئی ہے، اس کا ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق ہم گلگت بلتستان الیکشن جیت رہے ہیں۔

عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے، مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک کے عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی،ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق ہماری صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہیں، آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے مثبت اعشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں۔

قومی خبریں سے مزید