• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم جمعہ کو بلوچستان کے ایک روزہ دورہ پر تربت پہنچیں گے

وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزرا کے ہمراہ جمعہ کو بلوچستان کے ایک روزہ دورے پر تربت پہنچیں گے۔ وزیر اعظم تربت میں جنوبی بلوچستان کے اضلاع کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو صبح گیارہ بجے بلوچستان کے ایک روزہ دورے پر تربت آئیں گے، جہاں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور ارکان صوبائی کابینہ ان کا استقبال کریں گے۔


وفاقی وزیر اسد عمر سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ بلوچستان پہنچیں گے۔

وزیر اعظم تربت میں بلوچستان کے کم ترقی یافتہ اضلاع آواران، کیچ، لسبیلہ، خاران، واشک سمیت دیگر علاقوں کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا تربت کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی تربت آمد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی،  کمشنر مکران طارق قمر بلوچ شریک ہوئے۔ اس موقع پر کمشنر مکران نے وزیراعظم کی تربت آمد کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

تازہ ترین