لاہور (پرویز بشیر )سابق وزیراعلیٰ پنجاب اورمسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے اپنے 2013سے 2018تک کی پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے ایک کتابچہ شائع کرایا ہے۔شہباز شریف جو کہ ان دنوں جیل میں نہیں تھے،یہ کتابچہ سیاست دانوں، سابقہ بیوروکریٹس ارکان اسمبلی اور صحافیوں کو بھیجا ہے اس کتابچے میں اہم پراجیکٹس تعلیم صحت اور دیگر اہم منصوبوں کا تفصیلی ذکر ہے۔ کتابچے کے ابتدایئے میں شہباز شریف نے ذکر کیا ہے۔نواز شریف کی قیادت میں مختلف منصوبوں میں انہوں نے ایک سو ارب روپے سے زیادہ کی بچت کی ہے،اس طرح ٹیکس گزاروں کا پیسہ بچا کرقوم و ملک کی خدمت کا فریضہ انجام دیا ہے،اس کتابچے میں اورنج ٹرین،اپنا روزگار ،لیپ ٹاپ سکیم،ساہیوال،بھکھی اوربلوکی پاور پلانٹس کے علاوہ رنگ روڈ،قائداعظم سولر پلانٹ اجالا پروگرام پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اور سیف سٹیز کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان منصوبوں اور دیگر منصوبوں میں ایک کھرب 56ارب کی بچت کی گئی ہےجسکی مثال ملنا محال ہے،قانون اور قواعد و ضوابط کے تحت یہ رقم منصوبوں پر خرچ کی جا سکتی تھی شہباز شریف نے اس کتابچے میں اپنے فیملی بزنس میں ہونے والے نقصان کا بھی ذکر کیا ہے،یہ نقصان ڈیڑھ ارب روپے کا بتایا گیا ہےجو انتظامی فیصلوں سے ہوا۔ کتابچے میں زلزلہ زدگان کی امدادی رقم کے حوالے سے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی خبر کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس اخبار نے یہ الزام عمران خان کی ایما پر لگایا جس کو اب قانون کا سامنا ہے،اسی طرح ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں کرپشن کا الزام عائد کیا گیا جسے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان الزامات کو بے بنیاد قراردیا۔