مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نےکہا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ اپنے تاریخی فیصلوں سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ چیف جسٹس وقار سیٹھ کا شمار اُن ہستیوں میں ہوتا رہے گا جنہیں موت بھی ختم نہیں کر سکتی۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مرتے صرف وہ ہیں جو زندہ ہوتے ہوئے بھی اپنا فرض ادا کرنے سے محروم رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ جمعرات کو انتقال کرگئے تھے۔ ترجمان پشاور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا تھے۔
جسٹس وقار احمد سیٹھ اسلام آباد کے کلثوم انٹر نیشنل اسپتال میں زیرعلاج تھے۔