• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزر بائیجان کی فتح، پاکستانیوں نے کیسے جشن منایا؟

پاکستان میں تعینات آزربائیجان کے سفیر علی علی زادہ کا کہنا ہے کہ آرمینیا کے شکست تسلیم کرلینے کے بعد ہونے والی جنگ بندی معاہدے اور آزربائیجان کی فتح پر وہاں موجود پاکستانی بھی فتح کے جشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

علی علی زادہ نے آزربائیجان میں مقیم پاکستانیوں کے روائتی رقص کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’آزربائیجان میں موجود پاکستانی آزربائیجان آزری قوم کی خوشی میں ساتھ دیتے ہوئے، انتہائی دلکش نظارہ۔

دوسری جانب سوشل میڈیا سائٹس پر آزربائیجان کی سڑکوں کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں ایک گاڑی پر پاکستان پرچم لہرایا جارہا ہے۔

ناگورنو کاراباخ میں جنگ بندی کی نگرانی کا مشترکہ مرکز بنانے کے معاہدے پر روس و ترکی کے دستخط کے بعد متنازع ریجن میں آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان گزشتہ دنوں جنگ بندی ہوئی ہے۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی اور روس نے ناگورنو کاراباخ میں جنگ بندی کی نگرانی کی کوششوں کو مربوط کرنے کیلئے ایک مشترکہ مرکز کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔


واضح رہے کہ نگورنو کاراباخ کو بین الاقوامی طور پر آزربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے لیکن سنہ 1994 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ ختم ہونے کے بعد سے اس کا حکومتی انتظام آرمینیائی نسل کے لوگوں کے پاس تھا۔

عالمی سطح پر ’نگورنو کاراباخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا تھا جبکہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔

تازہ ترین