• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: سفیر پاکستان کی تویاما کےگورنر سے ملاقات، سیاسی و تجارتی امور پر گفتگو

جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد نے تویاما کے گورنر تاکا کازواشی سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ سیاسی، سماجی اور تجارتی تعلقات کے امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں سفیر پاکستان امتیاز احمد نے تویاما کے گورنر تاکا کازواشی کا تویاما سے تعلق رکھنے والی معروف جاپانی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں مزید کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔جبکہ جو ادارے پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں وہ اس میں مزید اضافہ کریں گے۔


سفیر پاکستان نے تویاما کے گورنر کو بتا یا کہ پاکستان ایشیا کے ان چند پہترین ممالک میں شامل ہے جہاں سرمایہ کاری میں بہترین منافع حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ کاروبار میں آسانی کے حوالے سے بھی پاکستان عالمی سطح پر اولین ممالک میں شامل ہے۔

سفیر پاکستان نے تویاما میں مقیم پاکستانیوں کی بہترین دیکھ بھال کرنے پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر گورنر تویاما نے امید ظاہر کہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی برقرار رہے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود بہترین تجارتی سیاسی و ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

 گورنر تویاما نے تویاماکین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے بہترین کردار کی بھی تعریف کی، گورنر تویاما کے ساتھ سفیر پاکستان کی ملاقات میں سینئیر پاکستانی خان رفاقت خان، ملک ساجد، ملک ارشد اعوان، حماد احمد سمیت دیگر سینئر پاکستانی موجود تھے۔

تازہ ترین