• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امتحان میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کے مشورے

امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھانے اور امتیازی نمبروں سے کامیابی کے لیے پریشان ہونا ایک حقیقت ہے۔ اگر طالب علم کی روزمرہ زندگی میںکسی بھی قسم کا کوئی اسٹریس نہ ہو تب بھی اسے امتحان دینے کااسٹریس ہونے لگتاہے۔ ایسا ان بہت سے طلبا کے ساتھ ہوتا ہے جو امتحانات کی تیاری کے لے مناسب لائحہ عمل اختیار نہیںکرتے۔ کچھ توپریشانی کی وجہ سے امتحانات ہی نہیں دیتے، جس کی وجہ سے انہیں دیگر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ کا شمار بھی ان طلبا میں ہوتا ہے جو امتحانات میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں تو پھر نیچے دیئے گئے مشوروں پر ضرور عمل کرنا چاہیے۔

اچھی طرح پڑھائی کرنا

آپ جتنی اچھی طرح ،جتنا زیادہ دھیان اور وقت لگا کر پڑھیں گے تو آپ کا اسٹریس اتناہی کم ہوگا۔ بہت سے معاملات میں مناسب طریقے سے تیاری یا اچھی طرح مطالعہ نہ کرنے کے باعث پریشانی ہوتی ہے۔ لہٰذا خوب اچھی طرح پڑھیں اور کامیابی کی طرف پہلا قدم بڑھائیں۔ اگر آپ اطمینان سے بیٹھ کر اپنے نوٹس پر توجہ دیں اور تمام مٹیریل کا جائزہ لیں تو آپ کو خود پر اعتماد ہونے لگے گا۔ 

اس سلسلے میں بہت ساری تکنیکس آپ کی مدد کرسکتی ہیں۔ کچھ دن تک مشق کرنے سے آپ کی توجہ پڑھائی پر مرکوز ہوجائے گی اور آپ کے سیکھنے کی رفتار میں اضافہ ہو جائے گا۔ آپ اپنے کسی دوست یا ساتھی کے ساتھ بھی مطالعہ کرسکتے ہیں لیکن دولوگ باتوں میں بھی وقت ضائع کرتے ہیں۔تاہم، اگر سب اپنی پڑھائی پر توجہ مرکوز رکھیں تو یہ بہت کارآمد ہوسکتا ہے۔ کچھ دیگر اقدامات بھی کارگر ثابت ہوسکتے ہیں جیسے کہ ایک مطالعہ گروپ ، بآواز بلند مطالعہ کرنا یا امتحان سے پہلے کسی کا آپ سے سوالات پوچھنا وغیرہ۔

پُرسکون نیند یقینی بنانا

کافی نیند نہ لینا پریشانی کا باعث بنتا ہے۔ آپ کو امتحان والے دن خراب موڈ اور تھکن کے ساتھ بیدار نہیں ہونا چاہیے۔ امتحانات سے قبل آپ کو رات کے وقت پڑھائی کرنی پڑتی ہے مگر آٹھ گھنٹوں کی تجویز کردہ نیند لینا ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ آپ کے ذہن میں آرام کرنے اور تمام اعداد و شمار کو ترتیب دینےکا منصوبہ ہونا چاہیے۔

سانس لینے کی مشق

سانس لینا کوئی سائنس نہیں ہے کیونکہ آپ قدرتی طور پر کسی بھی لمحے سانس لینا نہیں بھولتے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم میں سے بیشتر لوگ صحیح طریقے سے سانس نہیں لیتے۔ آپ کو گہری سانسیں لینے کی ضرورت ہے جوسینے کے اندر یعنی پھیپھڑوں کو محسوس کرتی ہوئی باہرآئیں۔ آپ کو سانس لینے کی مشقوں پر عمل کرنا چاہیے۔ ممکن ہے آپ کو یہ عجیب محسوس ہو لیکن بعد میں آپ کو عادت ہو جائے گی۔ 

اس سے دل کی تیز دھڑکن کم اور جسم کودرکار تمام ترآکسیجن حاصل ہوتی ہے۔ چھوٹی چھوٹی سانسیں لینا آپ کے موڈ پر بُرا اثر ڈالتی ہیں اور امتحان کی بے چینی کو گہرا کرتی ہیں۔ لہٰذا، جب بھی آپ دباؤ محسوس کریں تو گہری گہری سانس لینے کی کوشش کریں، اس طرح آپ کے اسٹریس میں کمی آئے گی اور آپ خود کو پُرسکون محسوس کریں گے۔

اعتماد بڑھانے والی مشقیں کرنا

امتحانات میں اسٹریس اور انزائٹی سے بچنے کا واحد راستہ اعتماد ہی ہے۔ اعتماد اس وقت ہی حاصل ہوتا ہے جب آپ نے امتحانات کے لئے بہت اچھی طرح تیاری کی ہو۔ یہ یقینی طور پر حوصلہ افزا ہوگا کہ آپ تمام سوالوں کے جوابات دینے اور تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے تیار ہوں۔ 

آپ کو چاہیے کہ ایسے طریقوں پر توجہ مرکوز کریں جو آپ کے اعتماد میں اضافہ کرنے میں مدد دیں۔ یاد رکھیں، کوئی بھی کامل نہیں ہے، آپ بہت سارے دوسرے طلبا کی طرح اس انزائٹی سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ آپ کی کلاس میں شامل سبھی ساتھی شاید اسی طرح محسوس کرتے ہیں، لیکن آخر میں کامیابی اسے ہی ملتی ہے جو اعتماد کے دولت سے مالا مال ہوتاہے۔

وقت کی پابندی کرنا

جو سوتاہے و ہ کھوتا ہے، یہ محاورہ امتحانات پر ضرور لاگو ہوتا ہے۔ وقت کی پابندی کا مطلب ہے جلدی تیاری شروع کرنا، باقاعدگی سے پڑھنا، پچھلے سالوں کے امتحانات کے سوالوں سے رہنمائی حاصل کرنا اور اس بات کا خیال رکھنا کہ کس مضمون کے پرچے سے قبل کتنے دن کا وقفہ ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی آپ کو کہے کہ امتحانی پرچہ آؤٹ ہو گیا ہے تو اس بات پر یقین نہ کرنا، بس اپنی تیاری پر دھیان دینا اور قابلیت و ذہانت سے پرچہ حل کرنا ہے۔

نصب العین واضح رکھنا

ایک مثبت سوچ اور ویژن یعنی نصب العین آپ کو کامیاب کرواسکتاہے۔ آپ ایک ایسے ویژن پر کام کرنا شروع کریں، جہاں آپ صرف خودکو امتحان میں کامیابی سمیٹتے ہوئے دیکھتے ہوں۔ اس طرح آپ جس اسٹریس کا سامنا کر رہے ہیں وہ جلد ہی ختم ہوجائے گا۔ آپ کی سوچ مثبت ہوگی تو نتائج بھی مثبت ملیں گے۔ 

میدان میںاترنے سے پہلے ہارجانے کا تصور آپ کو کبھی کامیاب نہیں کرواسکتا۔ جب آپ خود اعتمادی سے پُر ہو کرکمرہ امتحان میں جا رہے ہوتے ہیں تو راہیں آسان ہونے لگتی ہیں اور حتمی نتائج دیکھ کر آپ حیران رہ جاتے ہیں۔

تازہ ترین