اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخار حسین نے 11 جماعتی اتحاد میں کسی بھی طرح کے اختلاف کی تردید کردی ہے۔
نوشہرہ میں جیو نیوز سے گفتگو میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل 11 جماعتوں میں یا بیانیے کے کسی نکتے میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 نومبر کو تمام نکات پر مشتمل ایک چارٹر تیار کیا جائے گا، پی ڈی ایم سے جو بھی بات ہوگی وہ چارٹر کو مدنظر رکھ کر ہوگی۔
پی ڈی ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے سوالوں کا جواب دینے کے بجائے حکومت جلسوں میں مصروف ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جلسےکرے گی۔
میاں افتخار حسین نے یہ بھی کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی طرح نہ تو پارلیمنٹ اور نہ ہی پی ٹی وی پر حملہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی جلسوں میں کورونا وائرس نہیں اور پی ڈی ایم جلسوں میں وبائی مرض ہے، حکومت کی یہ دوغلی پالیسی قبول نہیں۔