• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے بیان پر جیل میں قید شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے سر پکڑ لیا، فیاض چوہان

پنجاب کے وزیر کالونیز اور جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز کا ایجنڈا ہے کہ شہباز شریف کے معاملات ٹھیک نہ ہوں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران فیاض الحسن چوہان نے ایک بار پھر مریم نواز کو ہدف تنقید بنایا اور ان کے گزشتہ روز کے بیان کو صدی کا پہلا یوٹرن قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی صدر شہباز شریف اور ان کے فرزند حمزہ شہباز جیل میں سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کہ بیگم صفدر نے کیا کردیا۔


صوبائی وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز کا ایجنڈا ہے کہ چاچا شہباز شریف کے معاملات ٹھیک ہی نہ ہوں۔

انہوں نے اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپنی’ ڈفلی‘ ہے اور ن لیگ کی مریم نواز کا اپنا ’باجا‘ ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ 20 ستمبر کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بننے کے بعد کہہ دیا تھا کہ ن لیگ سب کا بیڑا غرق کرے گی۔

انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کا اتحاد دسمبر بھی نہیں دیکھ سکے گا۔

صوبائی وزیر جیل خانہ نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں کسی قیدی کے ساتھ بھی غیر انسانی رویہ اپنایا گیا تو میں ایکشن لوں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی بھی معیشت کی بہتری کا معیار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے لگایا جاسکتا ہے، 20 سے 25 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ختم کیا ہے۔

تازہ ترین