• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: ملتان سلطانز کو شکست، لاہور قلندرز پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے دی اور پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی 157 رنز پر ہی سانس اکھڑ گئی، پوری ٹیم 5 گیندوں قبل ہی پویلین لو ٹ گئی۔

پی ایس ایل فائنل میں پہلی بار پہنچنے والی لاہور قلندرز کی جیت میں ڈیوڈ ویسا نے نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے ایک طرف 48 رنز کی زبردست اننگز کھیلی تو دوسری طرف بولنگ میں ملتان سلطانز کی 3 وکٹ بھی اپنے نام کرلیں۔

لاہور قلندر کی طرف سے ایک طرف فخر زمان نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کے بڑے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا وہیں حارث رؤف نے 3 وکٹ لے کر کلینڈر ایئر میں اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔


قلندرز کے اوپنر تمیم اقبال نے 30 اور سمت پٹیل نے مشکل وقت میں 26 رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان سہیل اختر کی 170رنز کی توقع سے زائد مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا۔

پہلی بار اتنی شاندار پرفارمنس دینے والی لاہور قلندرز کی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے ذیشان اشرف اور ایڈم لیاتھ نے اوپننگ کی۔

لاہور قلندرز کی 46 رنز کی اوپننگ شراکت کے مقابلے میں ملتان سلطانز کے ابتدائی بیٹسمینوں نے 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔

ذیشان اشرف 12رنز بنا کر حارث رؤف کا پہلا شکار بنے، دوسری وکٹ پر کپتان شان مسعود نے لیاتھ کے ساتھ مل کر اسکور 80 رنز تک پہنچادیا۔

یہاں ملتان کی جیت آسان دکھائی دے رہی تھی تاہم اس موقع پر برق رفتاری سے نصف سنچری (50رنز) بنانے والے ایڈم لیاتھ کو ڈیوڈ ویسا نے پویلین بھیج دیا، ملتان سلطانز کے اس اوپنر نے 29 گیندیں کھیلیں، 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔

لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 94 کے اسکور پر کپتان شان مسعود کی گری تو اس کے بعد جیسے قلندرز نے میچ کو اپنی گرفت میں کرلیا اور ایک کے بعد ایک وکٹیں لیتے رہے۔ 

109 کے اسکور پر روی بھوپارا بھی آوٹ ہوگئے، وہ صرف 1 رنز بناسکے انہیں ڈیوڈ ویسا نے میدان بدر کیا۔

اس کے بعد 116 کے مجموعے پر حارث رؤف نے 18 رنز پر کھیل رہے ریلی روسو کی اننگز کا خاتمہ کردیا، اگلی ہی گیند پر فاسٹ بولر نے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو گولڈن ڈک کروادیا۔ 

حارث رؤف کی لگاتار دو بڑی وکٹوں کے بعد لاہور قلندرز کی میچ پر گرفت انتی مضبوط ہوگئی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔

اس کے بعد ملتان سلطانز کے باقی کھلاڑی شاہین آفریدی اور دلبر حسین کے حصے میں آئے، میچ میں آل راؤنڈ پرفارمنس دینے پر ڈیوڈ ویسا کو بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز پی ایس ایل 5 کے فائنل میں پہنچ گئے جہاں ان کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا جو خود بھی اپنا پہلا فائنل کھیل رہی ہے۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں یہ میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا، اور اس میچ کی فاتح ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل جیتنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلے گی۔

تازہ ترین