پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث روف نے ایونٹ کے پلے آف مرحلے میں سال کے دوران ٹی 20 وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنے پر نظر جمالی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں حارث رؤف نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ موجوہ فارم کو برقرار رکھتے ہوئے قلندرز کیلئے زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز پہلی بار پلے آفس کھیل رہی ہے اور ٹیم کے ہر رکن کا ہدف یہی ہے کہ قلندرز پی ایس ایل 5 کی چیمپئن بنے۔
27 سالہ حارث روف نے سال 2020ء میں اب تک 45 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کی ہیں، جو کسی بھی فاسٹ بولر کی اس سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹ ہیں۔
جارح مزاج بولر پی ایس ایل پلے آفس میں ہی اپنی سال کی وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل پلے آفس میں اس سلسلے کو جاری رکھیں اور لاہور قلندرز کو چیمپئن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
حارث روف کا کہنا تھا کہ فیلڈ پر تماشائی نہ ہونے سے انرجی نہیں ہوگی لیکن اس کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر تو میدان میں تماشائیوں کی وجہ سے بوسٹ ہوتے ہیں اور مزید تیز بولنگ کرانے کا حوصلہ حاصل کرتے ہیں۔