• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائنل میں رسائی کیلئے لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو 183 رنز کا ہدف


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے فائنل تک رسائی کے لیے کھیل گئے میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹ پر 182 رنز بنائے اور حریف ٹیم ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوئے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم لاہور قلندرز کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔

دوسری طرف لاہور قلندرز کے کپتان نے 170 رنز کا ہدف دینے اور میچ میں فاتح رہنے کا یقین ظاہر کیا اور ٹیم نے اپنے کپتان کی توقع سے زیادہ بہتر پرفارم کیا۔

لاہور قلندرز کی طرف سے تمیم اقبال اور فخر زمان اننگز اوپن کی، دونوں کھلاڑیوں نے تیزی سے اسکور بورڈ چلانے کی کوشش کی۔


تمیم اقبال اسی کوشش میں 5ویں اوور کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر 46 کے مجموعے پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز 5 چوکوں سے مزین تھی۔

تیسرے نمبر کپتان سہیل اختر میدان میں اترے، جن سے لاہور قلندرز کے مداحوں کو بڑی اننگز کی توقع تھی مگر وہ 54 کےاسکور پر صرف5 رنز بناکر محمد الیاس کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد گزشتہ میچ میں 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ کریز پر آئے،انہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 40 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد حفیظ 94 کے اسکور پر 19 رنز بناکر شاہد آفریدی کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے، تھوڑی دیر بعد 104 کے اسکور پر لاہور قلندرز کی اننگز کے ٹاپ اسکورر فخر زمان بھی پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر فخر زمان نے 36 گیندوں پر 46 رنز بنائے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

لاہور قلندرز کی طرف ہارڈ ہیٹنگ کرنے والے بین ڈنک کو شاہد آفریدی نے جلد ہی قابو کرلیا، وہ 111 کے اسکور پر 3 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ ویسا اور سمت پٹیل نے 59 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور اسکور 182 رنز تک پہنچادیا۔

سمت پٹیل 26 رنز بناکر 170 کے اسکور پر سہیل تنویر کو اپنی وکٹ دے بیٹھے،بہرحال دوسرے اینڈ پر موجود ڈیوڈ ویسا نے 21 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔

ان کی برق رفتار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز 182 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی جبکہ کپتان سہیل اختر 170 رنز کی توقع کیے بیٹھے تھے۔

 سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 5 کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے ایونٹ کے پہلے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو مات دی تھی، جبکہ کراچی کنگز نے کل ملتان سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

لاہور قلندرز فتح جبکہ ملتان سلطانز شکست کے ساتھ ایلیمنیٹر 2 میں پہنچے جس کی فاتح ٹیم فائنل میں کراچی کنگز کا مقابلہ کرے گی۔

ٹاس کے بعدکی گفتگو میں سہیل قلندر ز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ وہ 170 رنز بناکر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے ۔

اس پر ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ لاہور قلندرز کو کم اسکور پر آؤٹ کرکے میچ جیتیں۔

لاہور قلندرز نے گزشتہ روز فاتح ٹیم کو برقرار رکھا ہے جبکہ ملتان سلطانز نے محمد عرفان کی جگہ جنید خان کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان ،تمیم اقبال،کپتان سہیل اختر،محمد حفیظ،بین ڈنک،سمت پٹیل،ڈیوڈ ویسا،محمد فیضان،شاہین شاہ آفریدی،حارث رؤف اور دلبر حسین میدان میں اتریں گے۔

دوسری طرف ملتان سلطانز کی طرف سے ذیشان اشرف،ایڈم لیاتھ،کپتان شان مسعود،ریلی روسو، روی بھوپارا،خوشدل شاہ،شاہدآفریدی،سہیل تنویر،محمد الیاس،عمران طاہر اور جنید خان کھیل رہے ہیں۔

تازہ ترین