• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، حمزہ، سلمان پر منی لانڈرنگ کے مقدمات، اینٹی کرپشن ملتان نےسابق ن لیگیMNA کو گرفتار کرلیا


لاہور(نمائندہ جنگ‘جنگ نیوز‘ایجنسیاں) وفاقی تحقیقاتی ادارے) ایف آئی اے( نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اورمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف‘ان کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہبازکے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں ۔ 

شہباز شریف فیملی پر 25ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام عائدکیاگیاہے۔ایف آئی آرز میں امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور فراڈ سمیت منی لانڈرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف مقدمہ میں پی پی سی کی دفعات 34، 109، 419،420،468،471 شامل کی گئی ہیں۔ اے پی پی کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے رہنماو سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگرکواتوار کے روز گرفتارکرلیا گیاہے۔

اینٹی کریشن ملتان نے سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کو علی الصبح ان کے گھرسے گرفتار کیا۔اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق غفار ڈوگر کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس بھجوایا گیا ہے‘اینٹی کرپشن پولیس نے غفار ڈوگر کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔

دریں اثنا اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے سابق لیگی ایم این اے عبدالغفار ڈوگرکے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کرلیا۔ درج مقدمے میں دھوکہ دہی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور جعلی دستاویزات کی تیاری کی دفعات شامل گئی ہیں۔

تازہ ترین