• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا روکنا ہوگا، لیبرپارٹی

لندن (نمائندہ جنگ) کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سوشل میڈیا پر ہونے والے خطرناک پروپیگنڈے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے اور اگر سوشل میڈیا فرمز خوفزدہ کرنے والی جھوٹی باتوں کو نہیں ہٹاتیں تو ان پر مالی اور مجرمانہ کیس عائد کیے جائیں۔ یہ مطالبہ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے کیا ہے جب کہ حکومت نے کہا ہے کہ اس سنجیدہ مسئلہ کو فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل کے ساتھ اٹھایا ہے اور انہوں نے ویکسین کے خلاف گمراہ کن مواد کو ہٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بیشتر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز گمراہ کن اور بے بنیاد مواد کو خود ہی ہٹا دیتی ہیں، تاہم لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا فرمز کی طرف سے صرف یقین دہانیاں کافی نہیں، واضح رہے کہ کورونا کے موثر علاج کے لیے پہلی کامیاب طریقے سے تیار ہونے والی ویکسین کی خبر کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن باتیں پھیلانا شروع کردی گئی تھیں۔ شیڈو ہیلتھ سیکرٹری جوناتھن ایشورتھ نے کہا کہ گمراہ کن مواد لوگوں کو خوفزدہ اور حکومت اور اداروں کے خلاف عدم اعتماد کی فضا پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر پارٹی ویکسین کے حوالے سے عوام کا اعتمادحاصل کرنے کیلئے حکومت اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائز سوالات پوچھنا عوام کا حق ہے، جیسےکہ ویکسین کس حد تک مدافعت فراہم کرے گی اور کیا یہ دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے بھی مفید ہوگی، رواں برس کے آغاز میں وزیراعظم بورس جانسن نے بھی ویکسین کی مخالفت کرنے والوں کو بے وقوف قرار دیا تھا۔ حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر اس قسم کی غلط معلومات پھیلانے والوں کو نہ روکا گیا تو مزید جانیں خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔ 

تازہ ترین