لندن(پ ر )صدر جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ ڈاکٹر مسفر حسن نے مولانا فضل الرحمان کے کشمیر بالخصوص گلگت بلتستان پر اختیار کئے گئے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی حقیقت قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کی جانب سے گلگت کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کا اعلان انکی تاریخ جموں کشمیر سے عدم واقفیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا مسئلہ حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جو ریاست کے عوام کی آزادانہ رائے کے حصول سے ممکن ہو گا اور اس اصول سے ہٹ کشمیری عوام پر مسلط کردہ کوئی حل نہ تو قابل قبول ہو گا نہ ہی دیر پا ہو گا ۔ انہوں نے جمعہ کے روز لائن آف کنٹرول پر ہونے والی وحشیانہ فائرنگ سے ہوئے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کےذمہ داران سے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ دونوں ملک انسانی زندگی کا احترام کریں اور اور اس وحشیانہ کارروائی سے مستقبل میں اجتناب برتا جائے۔ انہوں نے سرحد کی دونوں جانب ہوئے جانی و مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہر دو حکومتوں کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ شدید سردی کے موسم کے پیش نظر متاثرین کی فوری امداد کو یقینی بنایا جائے۔