• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوگ ناکام اور نااہل ٹولہ اور چوروں سے متنفر ہو چکے ،سینیٹر مشتاق خان

پشاور (نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی بر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے ہے کہ پاکستان کے لوگ موجودہ اور سابقہ ناکام اور نااہل تولہ اور چوروں سے متنفر ہو چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی مسلم لیگ پی ٹی آئی مسلم لیگ قاف اور مشرف مشرف لیگ مافیا کا ٹولہ، مفاد پرست اور سیاسی مسافر ہیں۔ ان کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان نہیں بلکہ اپنا پیٹ اور اپنی جیب ہے۔ جماعت اسلامی اس طبقے کے خلاف اعلان جنگ کر چکی ہے۔ جماعت اسلامی نے باجوڑ اور بونیر میں تاریخ ساز جلسہ عام منعقد کئے، جن میں ہزاروں افراد نے حکومت سے اپنی نفرت کا اظہار کیا۔ بارش اور برفباری کی وجہ سے دیر میں ہونے والا جلسہ ملتوی کیا جا رہا ہے۔ جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت سے بعد میں کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی حرمت قرآن، ناموس رسالت، شعائر اسلام کے تحفظ، بدترین مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی سے ملک کو نجات دلانے اور خیبر پختونخوا کے آئینی اور دستوری حقوق، بجلی کے خالص منافع اور دوسرے آئینی مالیاتی حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات حکومت کا فرض اور خیبرپختونخوا کے عوام کا دستوری اور آئینی حق ہے لیکن حکومت نے ایک سال سے بلدیاتی انتخابات منعقد نہیں کرائے۔ جماعت اسلامی ناکام سلیکٹڈ، مسلط شدہ، آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف اور ورلڈ بینک کی غلام اور عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے عذاب دینے والی حکومت سے قوم کو نجات دلانا چاہتی ہے۔ ہماری یہ تحریک اس مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اپر دیر جماعت اسلامی کا گڑھ اور اسلام پسندوں کا مرکز ہے۔ اپر دیر کے عوام نے ہمیشہ اسلام اور شعائر اسلام کے تحفظ اور علاقے کی ترقی کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے۔ اپر میں بھی تاریخ ساز جلسہ منعقد کریں گے تاکہ یہاں کی عوام اسلام اور شعائر اسلام کی حفاظت کے لیے اپنے جذبات اور حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کر سکیں۔ صوبائی حقوق کے لیے اپنے عزم کا اعادہ اور جماعت اسلامی پر اپنے اعتماد کی تجدید کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کو گراسی گراؤنڈ سوات کا جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا جو گزشتہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا۔
تازہ ترین