• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، ایک اور ویکسین تیار، 95.5فیصد کامیابی کا دعویٰ

کورونا، ایک اور ویکسین تیار، 95.5فیصد کامیابی کا دعویٰ 


کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، نمائندہ جنگ)امریکا میں کورونا سے بچاؤ کی ایک اور ویکسین کے ٹرائل کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،نتائج کے مطابق نئی ویکسین وبائی مرض کے خلاف 95.5فیصد تک تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

دوسری جانب عالمی سطح پر ویکسین کی تیاری اور تقسیم کے بارے میں دعوے اور معاہدے سامنے آنے کے بعد عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ عالمی وباکووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے صرف ویکسین کافی نہیں ہو گی۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ نئی ویکسین امریکی دو اساز کمپنی موڈرنا نے تیار کی ہے جس کے مرض سے تحفظ کی شرح 30ہزار افراد کے ٹرائل کے نتائج سے اخذ کی گئی۔

غیرملکی میڈیاکےمطابق فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ویکسین کا اثر کتنی دیر رہتا ہے مگر دوا ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک کے نتائج یہی رہے ہیں کہ وقت گزرنے کے باوجود ویکسین کا اثر کم نہیں ہو رہا ،اس سے قبل امریکی دوا ساز ادارے فائزر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی تیارکی گئی کورونا وائرس کی ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے۔

دوسری جانب عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارے صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ جب کورونا ویکسین دستیاب ہوگی تو ابتداءمیں اس کی کم مقدار ملے گی جس کی وجہ سے پہلی ترجیح عمر رسیدہ افراد، ہیلتھ ورکرز اور کووڈ 19 سے متاثرہ مریض ہوں گے،وائرس سے اب تک پوری دنیا میں پانچ کروڑ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 13 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد چل بسے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تسلیم کیا کہ ویکسین کی دستیابی یقینا ًکورونا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سبب بنے گی لیکن یہ کافی نہیں ہوگا کیونکہ اس کے باوجود کورونا کے پھیلنے کے امکانات ہوں گے لہٰذا ہمیں پوری طرح احتیاط کرناہو گی، نگرانی رکھنا ہو گی اور ٹیسٹوں کے نظام کو مزید مؤثرکرناہو گا۔

تازہ ترین