• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو برداشت کرنا ملک کے مستقبل سے کھیلنا ہے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو برداشت کرنا ملک کے مستقبل سے کھیلنا ہے،این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پچھلے ایک مہینے میں بداحتیاطی کی وجہ سے کورونا کیسوں میں چار گنا اضافہ ہوا،اسپتالوں میں وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد میں ڈھائی گنا اضافہ ہوچکا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں توقع کے مطابق نتیجہ آیا ہے، ن لیگ کی پری پول دھاندلی کی بات درست ہے، ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا کہ امریکا کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں صدور کے آنے جانے سے ان پر فرق نہیں پڑتا ہے۔سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابی دھاندلی نے پی ڈی ایم کے بیانیہ کی تصدیق کردی ہے، عوام سے ان کا حق رائے دہی چھین کر جبری نمائندگی کا سسٹم مسلط کردیا گیا ہے، پی ڈی ایم نے جو اصول وضع کیے ان کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے، ہمارا پہلا ہدف حکومت کو ہٹانا ہے، قومی اسمبلی کے اسپیکر متنازع ہوچکے ہیں، سینیٹ کی سطح پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر آئین کی عملداری پر ضابطہ اخلاق بنانا ہوگا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی براہ راست کسی قسم کی بات چیت کا سوال پیدا نہیں ہوتا ، اداروں کو سیاست میں گھسیٹ کر ہم اپنے ہی اصول کی نفی کریں گے، مذاکرات پی ڈی ایم کی اجازت اور پلیٹ فارم سے ہوں گے۔

تازہ ترین